Saturday , 25 January 2020

وزیراعظم عمران خان آج کرتارپورراہدری کا افتتاح کریں گے

لاہور:وزیراعظم عمران خان آج کرتارپورراہدری کا افتتاح کریں گے،افتتاحی تقریب میں 10ہزار سے زائد سکھ یاتری شرکت کریں گے۔
باباگورونانک کے جنم دن پر سکھوں کےلیے ایک عظیم تحفہ تیارکر لیا گیا ہے اورانتظارکی گھڑیاں ختم ہو گئیں ہیں امن کی راہداری آج کھلےگی۔وزیراعظم عمران خان آج کرتارپورراہدری کا افتتاح کریں گے اور افتتاحی تقریب میں 10ہزار سے زائد سکھ یاتری شرکت کریں گے۔سابق وزیراعظم منموہن سنگھ اورسابق کرکٹرنوجوت سنگھ سدھوتقریب میں شرکت کریں گے۔اس کے علاوہ بھارتی وزیراعلیٰ پنجاب امریندرسنگھ اوراداکارسنی دیول بھی شریک ہوں گے۔ کرتارپور افتتاحی تقریب سے متعلق ایک انٹرویو میں اداکار سنی دیول نے کہا کہ ‘ اگر میں نہیں جاؤں گا تو کون جائے گا؟ میں ضرور جاؤں گا۔ وہ (باباگرونانک صاحب) میرا علاقہ ہے اور میرا گھر ہے’ ۔وزیراعظم نے 28 نومبرکوکرتارپورراہداری منصوبےکاسنگ بنیادرکھاتھا، 11ماہ کی ریکارڈمدت میں کرتارپورراہداری منصوبہ کی تعمیرمکمل کی گئی۔کرتارپورجانےوالی شاہراہوں پرسکیورٹی کےسخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کرتارپورراہداری افتتاح کےموقع پرضلع بھرمیں آج مقامی تعطیل کااعلان کیا گیا ہے۔منصوبےکے تحت سکھ یاتری پہلی بار بغیرویزہ کے پاکستان آسکیں گے،یاتریوں کےلیےپاسپورٹ کی شرط عارضی طورپر ختم کررکھی ہےجبکہ یاتریوں کی بائیومیٹرک کے لیے رجسٹریشن کاؤنٹر قائم کردیئےگئے ہیں۔یہ منصوبہ خطے میں قیام امن اوربین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے وزیراعظم عمران خان کی ہدایات پرشروع کیا گیا اوراس کے لئے فنڈز مکمل طورپر پاکستان نے فراہم کئے ہیں اوریہ سکھ برادری کے لئے ایک تحفہ ہے۔اس راہداری کے قیام کامقصد بھارت سے پاکستان کے ضلع نارووال میں کرتارپورکے مقام پرگوردوارہ ڈیرہ صاحب آنیوالے سکھ یاتریوں کو سہولت فراہم کرناہے۔ سکھ کمیونٹی کا یہ گردوارہ دنیا کا سب سے بڑا گردوارہ یا مذہبی مقام ہوگا ۔ وزیراعظم عمران خان نے راہداری کے افتتاح اورگرونانک جی کے جنم دن کے موقع پرپاکستان آنیوالے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت کی فراہمی کے لئے پاسپورٹ اورفیس کی شرائط ختم کردی ہیں۔ابتدائی طورپربھارت سے یومیہ پانچ ہزارسکھ یاتریوں کی آمد متوقع ہے۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال 28 نومبرکومنصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا ، 24 اکتوبر کو اسلام آباد اوردہلی نے سکھ یاتریوں کے لئے راہداری کھولنے کے معاہدے پر دستخط کیے۔ وزیراعظم عمران خان ننکانہ صاحب میں بابا گرونانک یونیورسٹی کا افتتاح کرچکے ہیں جبکہ حکومت پاکستان نے بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر یادگاری سکے اورٹکٹ بھی جاری کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *